Monday, February 24, 2014

ایشیا کپ، بھارت کو5بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل

کراچی: 12واں ایشیا کپ منگل کو شروع ہورہا ہے، مسلسل دوسری مرتبہ علاقائی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنیوالا بنگلہ دیش اب تک ٹائٹل نہیں جیت پایا۔
بھارت کو سب سے زیادہ 5 بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، سری لنکا نے 4 مرتبہ ٹرافی اپنے قبضے میں کی، پاکستانی ٹیم 2بار چیمپئن بنی، 2012 کے ایڈیشن میں گرین شرٹس نے فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے میں 2رنز سے پچھاڑ کر ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا تھا، گرین شرٹس اس سے قبل 2000 میں بھی معین خان کی زیرقیادت علاقائی ایونٹ کی ٹرافی جیت چکے، سری لنکا کو ایونٹ کے سب سے زیادہ 43 میچز کھیلنے کا موقع ملا ،اس میں سے 29 میں فتح پائی، 14میں ناکامی کا سامنا رہا ، بھارت 39 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جس میں سے24 جیتے اور 14 میں حریف سائیڈز نے میدان مارلیا، ایک میچ بے نتیجہ رہا، پاکستان 35میچز کھیل کر 21 میں فتحیاب رہا جبکہ 13 میں شکست ہوئی، ایک مقابلے بے نتیجہ رہا، بنگلہ دیش 33 مقابلوں میں سے صرف 4 میں کامیاب ہوا جبکہ 29 میں ناکامی ہاتھ آئی، ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات اپنے چاروں میچز میں ناکام رہے۔
ایشیا کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ پاکستان نے 21 جون 2010 کو دمبولا کے مقام پر بنگلہ دیش کیخلاف 7 وکٹ پر 385 کی صورت ترتیب دیا، ایونٹ کی تاریخ میں سب سے کمترین اسکور کا منفی ریکارڈ بنگلہ دیش کے نام ہے، ٹائیگرز 2 جون 2000 کو گرین شرٹس کیخلاف 34.2 اوورز میں 87رنز پر ڈھیر ہوچکے، سابق سری لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا کو 1220 رنز کے ساتھ ایشیا کپ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل ہے، پاکستان کی جانب سے سابق کپتان انضمام الحق کے 591رنز سب سے زیادہ ہیں، بہترین انفرادی اننگز کا اعزاز گذشتہ ایڈیشن میں یونس خان سے موجودہ بھارتی کپتان ویرت کوہلی نے چھین لیا تھا، کوہلی نے 18 مارچ 2012 کو ڈھاکا میں پاکستان کیخلاف ہی 183 کی اننگز کھیلی، اس سے قبل یونس کے 2004 میں ہانگ کانگ کے مقابل 144 رنز کو بہترین انفرادی اننگز کا اعزاز میسر تھا، سب سے زیادہ 6سنچریاں بھی سنتھ جے سوریا کے نام ہیں، سابق سری لنکن اسپنر متیاہ مرلی دھرن کو 30وکٹوں کے ساتھ ایشیاکپ کی تاریخ کے کامیاب ترین بولر کا اعزاز حاصل ہے۔

No comments:

Post a Comment