فتح اللہ: کرکٹ پر حکمرانی کی ایشیائی جنگ منگل سے چھڑے گی، پہلے معرکے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فتح اللہ کے میدان پر گھمسان کا رن پڑے گا۔
گرین شرٹس دفاعی مہم کے کامیاب آغاز کیلیے پُرعزم ہیں، اسکواڈ میں واپس آنے والے فواد عالم کو فی الحال باہر بیٹھنا پڑسکتا ہے، تیسرے فاسٹ بولر کیلیے بلاول بھٹی اور انور علی میں مقابلہ ہوگا، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جیت سے کھاتہ کھولنے کے لیے پُراعتماد ہیں، بنگلہ دیشی ٹیم پر آئی لینڈرزکی حالیہ فتوحات سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کنڈیشنز سب کے لیے ہی یکساں ہیں۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم بھی کامیابیوں کی راہ پر گامزن رہنے کی خواہاں ہے، کپتان انجیلو میتھیوز نے کہاکہ ہم حریف سے اچھی طرح واقف ہیں، یہاں سب جیتنے کے لیے آئے اور ہم ان سے الگ نہیں، یہ ایک انتہائی شاندار ایونٹ ثابت ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز بنگلہ دیش میں ہورہا ہے، پاکستان اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا جو اس 2برس قبل بنگلہ دیش میں ہی میزبان سائیڈ کو شکست دے کر حاصل کیا تھا،گرین شرٹس اپنے سفر کا آغاز پرانے حریف سری لنکا سے کرنے والے ہیں جس کے ساتھ ان کا کئی مرتبہ مختلف محاذوں پر ٹکراؤ ہوچکا، حال ہی میں پاکستان نے آئی لینڈرز پر متحدہ عرب امارات میں3-2 سے فتح پائی، دونوں ممالک کے درمیان زیادہ تر میچز کانٹے دار ثابت ہوئے۔
ٹیمیں چند چیزوں میں ایک دوسرے کی ہم پلہ ہیں، پاکستان کو اپنے مضبوط بولنگ اٹیک کی وجہ سے حریف پر کچھ برتری حاصل ہے،گذشتہ سیریز میں سری لنکن بیٹسمینوں نے آف اسپنر سعید اجمل کاکافی عمدگی سے سامنا کیا تھا، بنگلہ دیشی کنڈیشنز میں اسپنرز اہم ثابت ہوں گے، ایسے میں ایک بار پھر پاکستانی امیدوں کا محور سعید اجمل ہی ہیں۔ ٹیم کو ایونٹ میں عمر گل کی بھی خدمات حاصل ہیں جو سری لنکا سے گذشتہ سیریز کے دوران فٹ نہ ہونے کی وجہ سے وطن واپس لوٹ گئے تھے، جنید خان بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، تیسرے فاسٹ بولر کی جگہ کے لیے بلاول بھٹی اور انور علی میں مقابلہ ہے، پاکستان کی جانب سے حیران کن طور پر فواد عالم کو اسکواڈ میں واپس طلب کیا گیا تاہم ان کے فوری طور پر میدان میں اترنے کا امکان دکھائی نہیں دیتا،کپتان مصباح الحق سری لنکا کے خلاف فتح پانے والے بیٹنگ کمبی نیشن کو ہی برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارا اعتماد اس وقت کافی بلند ہے اور فتح سے سفر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف فتح سے سری لنکا کو کوئی ایڈوانٹیج حاصل نہیں ہوگا کیونکہ ہم بھی یہاں پر بہت زیادہ کھیل چکے اور کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا کو اس ایونٹ میں اپنے اہم بولرز نوان کولاسیکرا اور رنگانا ہیراتھ کی خدمات حاصل نہیں جبکہ ٹاپ آرڈر پر تلکارتنے دلشان بھی نہیں ہوں گے، بنگلہ دیش سے آخری ون ڈے میں آرام پانے والے لسیتھ مالنگا اور کمارسنگاکارا ٹیم میں واپس آئیں گے، مڈل آرڈر میں ایشان پریانجان بھی کھیل سکتے ہیں۔ کپتان میتھیوزکا کہنا ہے کہ ہم پاکستان اور بھارت کے خلاف بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے اور ان ٹیموں کو اچھی طرح جانتے ہیں، یہاں پر سب جیتنے کے لیے آئے اور ہمارا بھی یہی مقصد ہے، اسپن بولنگ کا کردار اہم ہے اور ہمارے پاس کوالٹی اسپنرز موجود ہیں۔ یاد رہے کہ محمد حفیظ نے آئی لینڈرز سے گذشتہ سیریز میں 149.33 کی اوسط سے 448 رنز بنائے تھے جبکہ مصباح الحق اپنی آخری 9 انٹرنیشنل اننگز میں سے 7 میں ففٹی پلس اسکور کرچکے ہیں، مہیلا جے وردنے اوپننگ کریں گے، وہ اس سے قبل 32 اننگز میں بطور اوپنر کھیل چکے، اس پوزیشن پر ان کی ایوریج 44.8 اور اسٹرائیک ریٹ 91 ہے۔
No comments:
Post a Comment